راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) وفاقی کابینہ نے راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ اور سی ڈی اے کے درمیان میونسپل اختیارات کی حدود کے تعین کا دیرینہ مسئلہ حل کر دیا ۔ کنٹونمنٹ بورڈ ترجمان کے مطابق راولپنڈی کینٹ بورڈ 1849 میں معرض وجود میں آیا جبکہ 1957 میں بذریعہ نوٹیفیکیشن کینٹ کی حدود کو متعین کیا گیا، دوسری جانب اسلام آباد اور سی ڈی اے 1960 میں معرض وجود میں آئے اور 1963 کے نوٹیفیکیشن کے تحت ضلع اسلام آباد کی علاقائی حدود متعین کی گئی جس کے مطابق سی ڈی اے کے چند سیکٹرG-13,G-14, H-13,H-15,I-12& I14جوکہ پہلے سے راولپنڈی کینٹ بورڈ کا بھی حصہ تھے اُن میں میونسپل اختیارات کی حدود کا تنازعہ پیش آگیا ۔ لیکن اب وفاقی کابینہ کی طرف سے اس مسئلہ کو حل کردیا گیا ہے جس کے مطابق H-13کا ریلوے لائن سے مغربی علاقہ (سرینگر ہائی وے تا جی ٹی روڈ) اور ریلوے لائن سے جنوب کی جانب جی ٹی روڈ تک کا علاقہ، آئی جے پی روڈ تک، راولپنڈی کینٹ بورڈ کے میونسپل اختیارات میں رہنے دیا گیا ہے جبکہ مذکورہ باقی سیکٹروں کے جو علاقے راولپنڈی کینٹ کی حدود کا حصہ تھے ان کو راولپنڈی کینٹ کی میونسپل حدود سے نکال دیا گیا ہے۔ اب نئی حدود کے مطابق H-13 کا ریلوے لائن سے مغربی علاقہ ملحقہ گولڑہ روڈ (سرینگر ہائی وے تا جی ٹی روڈ)، جی ٹی روڈ کے ملحقہ علاقے ای ایم ای کالج ڈائیوو اڈا، 26 نمبر چونگی اور موٹر وے چوک کے ملحقہ علاقے وغیرہ راولپنڈی کینٹ بورڈکا حصہ شمار ہونگے ۔یاد رہے کہ یہ تعین صرف میونسپل اختیارات کے حوالے سے کیا گیا ہے اس سے ضلع اسلام آباد اور راولپنڈی کی سرحدی حدود میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔