اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے گرفتار ڈاکٹرز کی رہائی اور مقدمات ختم کرنے کیلئے 48گھنٹے کی ڈیڈ لائن دے دی ۔ بدھ سے ملک گیر احتجاج شروع کرنے اور سیاہ پٹیاں باندھنے کا اعلان کردیا گیا ۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدرڈاکٹر عاطف مجید نے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان کے ینگ ڈاکٹرز کے خلاف مقدمات ختم اور انہیں رہا کیا جائے۔ حکومت نے 48 گھنٹے میں ڈاکٹرز کیخلاف مقدمات ختم اور انہیں رہا نہیں کیا تو پورے پاکستان میں ہڑتال کردیں گے۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران ڈاکٹر فیاض، ڈاکٹر عمر سلطان، ڈاکٹر رضوان کنڈی، ڈاکٹر وارث علی جاکھرانی و دیگر کے ہمراہ پرس کانفرنس کرتے ہوئےڈاکٹر عاطف مجید کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ینگ ڈاکٹرز کو شدیدمشکلات کا سامنا ہے، بلوچستان میں ڈاکٹرز زیادہ ہسپتال بنانے اور زیادہ سیٹوں کا مطالبہ کررہے ہیں جس کا فائدہ عوام کو ہونا ہے ۔ڈاکٹر رضوان کنڈی نے کہا کہ صوبائی حکومت ہوش کے ناخن لے۔