راولپنڈی(نمائندہ جنگ)پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کی طرف سے پاکستان کو دہشت گردی کا مرکز قرار دینا اور ریاستی سرپرستی میں جارحیت کے مقامی ردعمل کا الزام لگانا نہ صرف حقائق کے منافی بلکہ بھارت کے پہلے سے طے شدہ مؤقف کے مردہ گھوڑے میں جان ڈالنے کی ناکام کوشش اورمنافقت کی بدترین مثال ہے ‘یہ الزام بے بنیاد اور بھونڈا ہے‘بھارت میں اقلیتوں پر ظلم اور نفرت انگیز بیانیے عالمی برادری سمیت سب پر عیاں ہیں‘ پاکستان پر ریاستی سرپرستی کا الزام دوغلی پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہےجبکہ ترجمان دفترخارجہ نے بھارتی وزیر دفاع اور آرمی چیف کے بے بنیاد الزامات اور دعوؤں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نوعیت کے اشتعال انگیز بیانات علاقائی امن اور استحکام کے لئے نقصان دہ ہیں‘دوسروں کے خلاف بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے بھارت کو اپنا جائزہ لینا چاہئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی آرمی چیف کا پاکستان کو دہشت گردی کا مرکز قرار دینا منافقت کی بدترین مثال ہے‘ یہ الزام بے بنیاد اور بھونڈاہے ‘بھارت کا پراپیگنڈا کشمیریوں کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتا‘ان کا یہ بیان بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی بربریت، اندرونی طور پر اقلیتوں پر جبر اور بھارت کے بین الاقوامی جبر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔