• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فنڈریزنگ کے مراحل رواں ماہ مکمل کر لئے جائینگے، گورنرکوبریفنگ

پشاور(جنگ نیوز)گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرصدارت انجمن ہلال احمر خیبر پختونخوا اور انجمن ہلال احمر ضم اضلاع کا مشترکہ اجلاس بدھ کے روز گورنرہاوس پشاور میں ہوا۔اجلاس میں انجمن ہلال احمر کی دونوں صوبائی شاخوں کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا و ضم اضلاع کے حکام کی جانب سے گورنر کو ادارے کی کارکردگی پربریفنگ دی گئی ۔۔کرم میں امدادی سرگرمیوں کیلئے سندھ حکومت کی جانب سے 2 کروڑ روپے اور بلوچستان حکومت کیجانب سے ادویات کی فراہمی سے متعلق بھی اجلاس کوآگاہ کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ انجمن ہلال احمر کی دونوں شاخوں کے سالانہ بجٹ، فنڈریزنگ کے مراحل رواں ماہ مکمل کر لئے جائیں گے،گزشتہ سال کے ڈونرز فنڈڈمنصوبے کامیابی سے مکمل کرلیے گئے ہیں۔بریفنگ میں بتایاگیاکہ انجمن ہلال احمر کے تمام اضلاعی برانچز کا آڈٹ مکمل کرلیا گیا ہے اور اس حوالے سے تھرڈ پارٹی سے گذشتہ 3 سالوں کا آڈٹ کرانیکی تجویز بھی پیش کی گئی۔اجلاس میں ایگزیکٹیو، ہیلتھ، ہیومن ریسورس اور آئی ٹی کمیٹیوں کے اراکین کی تفصیلات بھی بتائی گئیں۔ گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر لوئر اور اپر کرم میں امدادی سرگرمیوں پر انجمن ہلال احمر کی دونوں شاخوں کو مبارکباد پیش کی اورکہاکہ مشکل وقت اورحالات کے باوجود متاثرین کرم کو بروقت امداد پہنچانا قابل ستائش ہے،ضلع کرم کے عوام کی امداد کیلئے انجمن ہلال احمر کو سپورٹ کرنے پر سندھ، بلوچستان حکومت، اوورسیز اور دیگر اداروں کے بھی شکر گزار ہیں۔گورنرنے کہاکہ انجمن ہلال احمر ضلع کرم میں اشیائے ضروریہ و ادویات کی فراہمی کا عمل جاری رکھے، اس ضمن میں ہر ممکن تعاون فراہم کرتا رہوں گا۔
پشاور سے مزید