اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے آرمی چیف جنرل عاصم منیرسے ملاقات کی تردید کردی جبکہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ فوجی سربراہ سے ہماری میٹنگ میں بیرسٹرگوہر موجود تھے‘آرمی چیف سے بیرسٹرگوہر کی الگ ملاقات کا مجھے نہیں پتہ۔ تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں گفتگو کے دوران بیرسٹر گوہر سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ کی آرمی چیف سے ملاقات ہوئی ہے؟جس کے جواب میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ان کی آرمی چیف سے ملاقات نہیں ہوئی‘ ہم چاہتے ہیں مذاکرات ہوں، حکومتی حلقوں سے اس پر بات چیت چل رہی ہے۔صحافی نے سوال کیا کہ آپ ہمیشہ بولتے تھے کہ طاقتور حلقوں سے بات کرنی ہے؟، جس کے جواب میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بات چیت جاری ہے اور مذاکرات ہونے چاہئیں، بات چیت سے ہی مسائل کا حل نکلے گا۔ادھر ایک انٹرویو میں فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھاکہ آرمی چیف سے ہماری میٹنگ میں بیرسٹرگوہر موجود تھے۔