اسلام آباد (ایجنسیاں)وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ ریاستی ملکیتی اداروں کا سالانہ خسارہ سیکڑوں ارب روپے ہے‘جوملازمین ملازمت کی میعادپوری کرچکے ان کو قبل از وقت ریٹائرمنٹ دیں گے‘ جن کی مدت 7سال تک رہتی ہے ان کو بھی مناسب پیکجزدیئے جائینگے ‘باقیوں کیلئے سرپلس پول کا آپشن رکھا ہے‘رائٹ سائزنگ کا مقصد لوگوں کو بے روزگار کرنا نہیں ۔بدھ کوسینیٹ میں سوالات کے جواب میں اعظم نذیر تارڑکا کہنا تھاکہ وہ ملازمین جو اپنی ملازمت کے آخری پانچ سالوں میں ہیں، انہیں ریٹائر کیا جائے گا‘انہوں نے کہا کہ نارکوٹکس کو وزارتِ داخلہ اور ایوی ایشن کو وزارتِ دفاع میں شامل کردیا ہے‘کیڈ اور پی ڈبلیو ڈی کو ختم کردیا ۔ لیگل فریم ورک کے اندر رائٹ سائزنگ ہوگی ‘ قانون سے بالاتر ہو کر کسی کو گھر نہیں بھیجا جائے گا‘گردشی قرضے اور مالی خسارے حکومت کیلئے ایک بڑا چیلنج ہیں، جنہیں ختم کرنا معیشت کی بحالی کیلئے ضروری ہے‘ قانون کے تحت کام کرنیوالے ملازمین کو بےروزگار نہیں کیا جائیگا۔ وزیر قانون نے ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کو پی آئی اے کے مسائل کا ذمہ دار ٹھہرایا۔