اسلام آباد (ایجنسیاں)ارکان پارلیمنٹ نے باضابطہ طور پر اپنی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کردیا‘ تنخواہوں میں اضافے کے معاملے پر حکومتی اور اپوزیشن ارکان یک زبان ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق حکومتی رضامندی پر قومی اسمبلی میں تنخواہوں میں اضافے کا بل پیش ہوگا۔ پارلیمانی ذرائع کے مطابق اراکین پارلیمنٹ نے تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ اسپیکر ایاز صادق سے ملاقات میں کیا اور تنخواہوں میں اضافے کیلئے اسپیکرز کانفرنس کی سفارشات پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اراکین قومی اسمبلی نے شکوہ کیا کہ صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کی تنخواہیں اور مراعات ہم سے زیادہ ہیں۔اسپیکر نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے شعبہ اکاؤنٹس سے بجٹ کی تفصیلات مانگ لیں اور اس معاملے پر وزیراعظم اور وزیر خزانہ سے بات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔