کراچی ( سہیل افضل )اربوں روپے کے چائے پتی پر ٹیکس چوری اسکینڈل میں 6 درآمد کندگان پر 3ارب روپے کا جرمانہ،کشمیر کےلئے درآمد کردہ 34ارب روپے مالیت کی چائے پتی پر ٹیکس چوری کرنے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر محکمہ کسٹم کے کلکٹرایڈجوڈیکیشن نے 6 کمپنیوںکو 3 ارب روپے سے زیادہ کا ٹیکس ادا کرنے کا حکم دیا ،۔تفصیلات کے مطابق کسٹمز انٹیلی جنس نے آزاد کشمیر کے نام پر درآمدکی گئی 34 ارب روپے مالیت کی چائے پر ٹیکس چوری کے حوالے سے 6 کمپنیوں کے خلاف ٹیکس چوری کا مقدمہ اپریل 2024 میں درج کیا تھا ، اس حوالے سے سندھ ہائی کورٹ نے کلکٹرایڈجوڈیکیشن کو ایک ماہ میں کیسز کی سماعت کو مکمل کرکے میرٹ پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔ یہ کیس چیئر مین ایف بی آر کو کی جانے والی آزاد کشمیر کے لئے درآمد کی گئی چائے کے خلاف ایک شکایت پر درج کیا گیا تھا جس میں بتایا تھا کہ کشمیر اور فاٹا کے لئے درآمدات ہونے والی چائے پاکستان خاص طور پر کالی چائےکراچی کی لوکل مارکیٹ میں فروخت کی جارہی ہے کیونکہ اس چائے پر ٹیکس نہیں تھا اس وجہ سے کراچی کے چائے کے لوکل امپورٹرز کو بھاری نقصان ہورہا تھا کیونکہ وہ چائے کو پورا ٹیکس ادا کرکے درآمد کررہے تھے۔