اسلام آباد(فاروق اقدس)بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کشیدگی کی فضا اور تعلقات میں تناؤ صرف نئی دہلی اور ڈھاکہ کے مابین حکومتی اور سفارتی سطح نہیں بلکہ اب دائرہ کار میں دیرینہ اور مماثلت رکھنے والے ثقافتی اور سماجی تعلقات بھی نطر آ رہے ہیں۔جس کی تازہ ترین مثال بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کنگنا راوت کی فلم ’’ایمرجنسی‘‘کو بنگلہ دیش میں پابندی کا سامنا ہے۔ کنگناراوت نے اس فلم میں بھارت کی مقبول وزیراعظم اندراگاندھی کا مرکزی کردار ادا کیا ہے۔یہ فلم 1975میں بھارت میں لگنے والی ایمرجنسی کے سیاسی دور کے گرد گھومتی ہے بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ایمرجنسی میں 1971میں بنگلہ دیش کی ’’آزادی کی جنگ‘‘نے بھارتی فوج اور اندرا گاندھی کی حکومت کے کرداروں کے علاوہ شیخ مجیب الرحمان کیلئے حمایت کو بھی دکھایا گیا ہے جبکہ فلم میں شیخ مجیب الرحمان کے قتل کا واقعہ بھی دکھایا گیا ہے۔ تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیش میں فلم کو پابندی کا سامنا اس فلم کے موضوع یا اس میں شامل مواد کی وجہ سے نہیں بلکہ دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ تعلقات میں پیدا ہونے والی کشیدگی اور اس میں اضافے کی وجوہات اصل وجہ ہیں۔