کراچی(نیوزڈیسک)ایلون مسک پر 5فیصد سے زائدٹویٹر اسٹاک کی خریداری کا بروقت اعلان کرنے میں ناکامی پر مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔دنیا کے امیر ترین شخص نے مارچ 2022میں اسٹاک خریدا تھا اور یو ایس سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن ( ایس سی سی) کی شکایت میں کہا گیا کہ تاخیر نے اسے مصنوعی طور پر کم قیمتوں پر ٹویٹر کے حصص کی خریداری جاری رکھنے کا موقع فراہم کیا۔واشنگٹن کی وفاقی عدالت میں دائر درخواست میں ایس ای سی نے کہا کہ اس اقدام سے ایلون مسک نے کم از کم 15 کروڑ ڈالر کی کم ادائیگی کی۔کمیشن چاہتا ہے کہ ایلون مسک سول جرمانہ ادا کریں اور منافع سے دستبردار ہوں، جس کے وہ حقدار نہیں ۔اس مقدمے کے جواب میں ایلون مسک کے وکیل نے کہا کہ ایلون مسک نے کچھ غلط نہیں کیا ہے اور ہر کوئی اسے ایک کاروباری چال کے طور پر دیکھتا ہے۔ایس ای سی کے اصول کے تحت سرمایہ کاروں کو5 فیصد ملکیت کی حد عبور کرنے پر 10 روز کے اندر ظاہر کرنا ضروری ہوتا ہے۔