راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کیلئے آئے شخص کو ڈی سی آفس کے قریب فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا جبکہ اس کا ساتھی زخمی ہوگیا۔ پولیس نے موقع سے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ تھانہ سول لائنز کو راجہ ندیم اختر نے بتایاکہ 15جنوری کی صبح راجہ دانیال اقبال کی عبوری ضمانت اے ٹی سی کورٹ راولپنڈی میں مقرر تھی۔ میں دیگر ساتھیوں کے ہمراہ عدالت کے باہر موجود تھا کہ دانیال اقبال بھی آگیا۔ ڈی سی آفس کے باہر سڑک پر ہم سب دانیال کو ملنے لگے کہ اچانک ابراہیم ہمراہ 4نامعلوم افراد آیا اور سیدھا فائر دانیال پر کیا جس سے دانیال زخمی ہوکر گرگیا جس پر ابراہیم نے گرے ہوئے دانیال پر متعدد فائر کئے۔ جبکہ نامعلوم اشخاص نے ہم پر فائرنگ کی ایک فائر عاصم رشید عرف ٹوٹی کو دائیں کولہے پر لگا ۔ہسپتال لیجاتے ہوئے دانیال اقبال جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے قتل، اقدام قتل، انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7،اعانت مجرمانہ اور ہنگامہ آرائی کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔