کراچی(پ ر)آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی سندھ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین جاوید مہر شمسی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں اراکین نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ محکمہ اطلاعات سندھ کی طرف سے اخبارات و جرائد کو اشتہارات کا اجراء طے شدہ حجم کے برعکس 10فیصد سے کم سطح پر آگیا ہے، جبکہ اشتہارات کے اجراء میں اے پی این ایس رکن مطبوعات کو یکسر نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ اجلاس نے مطالبہ کیا کہ پرنٹ میڈیا کیلئے اشتہارات کا حجم 40فیصد کی سطح تک بحال کیا جائے اور اے پی این ایس رکن مطبوعات کو ترجیح دی جائے۔ کمیٹی کے اراکین نے نان بجٹڈ اشتہارات کی ادائیگی کے نئے نظام کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پرانا نظام بحال کیا جائے اور حسب سابق ان اشتہارات کی ادائیگی ماہانہ بنیاد پر محکمہ اطلاعات سندھ کی طرف سے کی جائے ۔ اجلاس نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ محکمہ اطلاعات سند ھ کی طرف سے جاری کردہ اشتہارات کی ادائیگی میں تاخیر سے پرنٹ میڈیا شدید بحران کا شکار ہے۔ اراکین نے مطالبہ کیا کہ واجبات کی جلد ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔