اینٹورپن (عظیم ڈار) بلجیم کے شہر اینٹورپین میں پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد ریلی اور کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت سینئر رہنما پاکستان پیپلزپارٹی یورپ ملک اجمل نے کی۔ ریلی کے مہمان خصوصی شاہد بٹ المعروف فوجی بٹ اور چوہدری اویس بشیر آف ہالینڈ تھے۔ ریلی کو چوہدری اویس طارق آف کھائی ، صاحبزادہ چوہدری سرفراز سجادہ نشین سائیں رلدو سرکار ، حسن چوہدری اور قاری قبلہ حافظ فہیم نے آرگنائز کیا۔ صدر ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یوتھ ونگ یورپ علی چوہدری اور نائب صدر رانا فلک شیر نے خصوصی طور پر ریلی میں شرکت کی۔ چیئرمین ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے کہا کہ ریلیوں کا یہ سلسہ پوری دنیا میں منعقد ہوگا اور اوورسیز پاکستانیوں کا اب ایک ہی نعرہ ہے پاکستان زندہ باد پاک فوج زندہ باد، اس ریلی کے دوران ایک قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ ترسیلات زر بڑھاؤ، ملک بچاؤ اور سول نافرمانی نامنظور، پوری دنیا خاص طور پر یورپ میں رہنے والے اوور سیز پاکستانی پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں،ریلی میں سبز ہلالی پرچم تھامے محب وطن پاکستانیوں نے پاکستان اور پاک فوج کے ساتھ اپنی محبت کا اظہار کیا۔ چوہدری حسن اعجاز، چوہدری اویس بشیر آف حقیقہ، طاہر مغل، علی گجر، چوہدری عظمت کھٹانہ، وقاص ببلی، مہر سرفراز، چوہدری نعیم، راجہ عارف، راجہ امجد، میاں غفور، راجہ رئیس اور زبر شاہ نے کہا کہ جو پاک فوج کا دشمن ہے وہ ریاست کا دشمن ہے ، پاک فوج ہی ہماری سرحدوں کی اصل محافظ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم سب پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاک فوج کے خلاف ہر فتنے کو شکست دیں گے۔ اس موقع پر سول نافرمانی نامنظور نامنظور کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے، اوورسیز پاکستانیوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قد آور تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار تھی۔