راولپنڈی (نمائندہ جنگ) راولپنڈی کے شہریوں نے وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ راولپنڈی شہر میں بڑھتی ہوئی تجاوزات کے ساتھ تسلسل کے ساتھ ہونیوالی بلانقشہ وخلاف نقشہ تعمیرات کا بھی سخت نوٹس لیا جائے ۔ ان کے مطابق گزشتہ پندرہ بیس برسوں میں مری روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں تعمیر ہونے والے بڑے بڑے تجارتی مراکز میں میونسپل کارپوریشن کے عملے کی ملی بھگت سے پارکنگ کی جگہ صرف نقشوں میں ہی پائی جاتی ہے۔ اس صورتحال میں خریداروں کی طرف سے سڑک پر گاڑیاں کھڑی کئے جانے سے شہر بھر میں ٹریفک کا نظام برے طریقے سے متاثر رہتا ہے۔ کارپوریشن ذرائع کے مطابق ان بڑے بڑے تجارتی مراکز کی تعمیر کے دوران ہونے والی بے قاعدگیوں میں جہاں عملہ ملوث ہوتا ہے وہاں ہر دور کی مقامی سیاسی قیادت بھی مبینہ طور پر ملوث رہی ہے۔ تقریباً تمام تجارتی پلازوں کی تعمیر کے شروع میں نقشے کے مطابق بیسمنٹ پارکنگ کیلئے مختص رہتی ہے بعدازاں پلازہ تعمیر ہونے پر وہاں بھی دکانیں بنا لی جاتی ہیں اور خلاف قانون پانچویں اور چھٹی منازل بھی تعمیر ہو جاتی ہیں۔ شہریوں نے وزیراعلٰی پنجاب سے اپیل کی ہے کہ اس لاقانونیت میں ملوث کارپوریشن کے عملے اور ان کے سیاسی سرپرستوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے بالخصوص ان ملازمین کیخلاف جو عرصہ دراز سے من پسند سیٹوں پر تعینات ہیں۔