اسلام آباد (ساجد چوہدری، اپنے نامہ نگار سے ) پنجاب ہائی وےڈیپارٹمنٹ کی طرف سےمجوزہ جی پی او چوک انڈر پاس منصوبہ انتہائی مختصر مدت میں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق پنجاب ہائی وے حکام کی طرف سےاپنے راولپنڈی آفس کو مجوزہ منصوبےکو اڑھائی سے تین ماہ کی مدت میں تکمیل کا ٹاسک دیئے جانے پر غور جاری ہے۔ حکام کے مطابق صوبائی وزیر کمیونیکیشن ملک صہیب برتھ آئندہ ایک دو روز میں راولپنڈی کا دورہ کر رہے ہیں ، وہ اپنے دورے کے دوران جہاں راولپنڈی میں جاری میگا پراجیکٹ کے کام کا معائنہ کریں گے وہاں وہ جی پی او چوک پشاور روڈ پرمجوزہ انڈر پاس پر بھی اپنے محکمے سے بریفنگ لیں گے۔ ہائی وے حکام کے مطابق جی پی او چوک پشاور روڈ انڈر پاس کی لمبائی 17سو فٹ ہو گی جو جی ایچ کیو سے شروع ہو کر پشاور روڈ پر راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ دفتر کے آگے چوک تک جائیگا ،یہ انڈر پاس 6رویہ ہو گا، اس منصوبے پر 4ارب روپے لاگت آئے گی۔محکمہ ہائی وے پنجاب حکام کے مطابق یہ انڈر پاس پی ٹی سی ایل دفتر چوک پشاور روڈ پر بنے گا۔