کراچی (اسٹاف رپورٹر) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا چھٹاجلسہ تقسیم اسناد ہفتے کو منعقد ہواجس میں تعلیمی سال 2023-2024 کے دوران بیچلرز اور ماسٹرز پروگرامز سے فارغ التحصیل ہونے والے 505 طلباء کو ڈگریاں تفویض گئیں۔ اس سال یونیورسٹی نے پہلی بار ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی کے فارغ التحصیل طلباء کو بھی ڈگریاں عطا کیں۔ کانووکیشن میں ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، فارم ڈی، بی ایس این، بی بی اے (آنرز)، بی بی اے ایچ سی ایم، اور بی ایس پبلک ہیلتھ پروگرامز کے ساتھ ساتھ ماسٹرز پروگرامز، جن میں ماسٹر آف سائنس ان پبلک ہیلتھ اور ماسٹر آف ہیلتھ پروفیشنز ایجوکیشن شامل ہیں، کے فارغ التحصیل طلباء کی کامیابیوں کا جشن منایا گیا۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے یونیورسٹی کی ترقی اور کامیابیوں پر خوشی کا اظہار کیا اور کہاکہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نہ صرف ایک تعلیمی ادارہ ہے بلکہ جدت اور سماجی خدمت کا مرکز بھی ہے۔ وائس چانسلر جے ایس ایم یو پروفیسر امجد سراج میمن نے ڈی پی ٹی کے پہلے گریجویٹ بیچ پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے جامعہ میں پی ایچ ڈی پروگرامز کے آغاز کا اعلان کیا بتایا کہ جناح ہسپتال اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے 100 سے زائد کلینیکل فیکلٹی کی شمولیت کی گئی ہے۔