لاہور ( این این آئی) سپریم کورٹ کی جسٹس عائشہ ملک نے کہا ہے کہ افسوس آئین میں جانوروں کے حقوق سے متعلق کوئی بات نہیں کرتا، جانوروں پر ظلم کرنے والوں کو سخت سزائیں ہونا ضروری ہیں۔لاہور میں جانوروں اور ماحولیاتی حقوق سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس عائشہ ملک کا کہنا تھا کہ ملک میں جانوروں کی بہبود اور حقوق پر موثر اقدامات کی ضرورت ہے، ضرورت ہے کہ جانوروں کے حقوق پورے کئے جائیں، تنظیمیں اس کیلئے اچھا کام کر رہی ہیں، اس پر مزید کام ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح انسانوں کو بنیادی حقوق چاہئیں، اسی طرح جانوروں کو بھی چاہئیں، جانوروں کے کھانے اور پینے کا انتظام ہونا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹولنٹن مارکیٹ میں جانوروں کی صورتحال پر تشویش ہے، کیس کے دوران کسی کو نہیں پتہ تھا کہ کس قانون کے تحت کتوں کو مارا جاتا ہے۔