ملتان، رحیم یار خان، وہاڑی، لیاقت پور (سٹاف رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندہ جنگ، نامہ نگار) ملتان میں خاتون جاں بحق، لیڈی کانسٹیبل سمیت دو افراد زخمی، 35سالہ شخص کی لاش برآمد، رحیم یار خان میں بھٹے کی صفائی کے دوران 2 مزدور جاں بحق، ایک بیہوش، رحیم یار خان میں حادثات،کوچ کا کماد سے لوڈ ٹرالی سے اور ہائی ایس کا رکشہ سے تصادم، 50 سالہ شخص جاں بحق، چار نوجوان شدید زخمی، ٹریفک حادثے میں 25 سالہ شخص دم توڑ گیا، گھریلو جھگڑے پر بیوی نے 30 سالہ شوہر کو آگ لگا دی، میلسی میں ایک نشئی ریلوے ٹریک کے قریب مردہ حالت میں پایا گیا، تفصیل کے مطابق ملتان میں شمیم بی بی 19کسی سواری کی انتظار میں موجود تھی کہ ٹرک کی زد میں آ کر موقع پر ہی دم توڑ گئی، تھانہ مخدوم رشید پولیس نے کارروائی شروع کر دی، لیڈی کانسٹیبل تانیہ وکیل اپنے بھائی افتخار وکیل کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جا رہی تھی کہ اڈا بصیرہ کے پاس ٹرک کی زد میں آ کر دونوں بہن بھائی زخمی ہو گئے، تھانہ بستی ملوک پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کر دی، کینٹ بازار میں 35سالہ نامعلوم شخص کی لاش پائی گئی جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر جانچ پڑتال کی گئی تو مذکورہ شخص کی شناخت وریام کے نام سے ہوئی، رحیم یار خان میں چوک سویترا روڈ پر واقع اینٹوں کے بھٹے کی چمنی کی صفائی کرتے ہوئے 2 مزدور 35 سالہ خان محمد اور 36 سالہ امیر بخش دم گھٹنے سے موقع پر دم توڑ گئے، 30 سالہ شہباز علی بیہوش ہو گیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر دیگر مزدوروں اور ریسکیو 1122 اہلکاروں کی مدد سے دونوں مزدوروں کی لاشیں اور بیہوش مزدور کو چمنی سے نکال کر تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال صادق آباد منتقل کر دیا، خانپور کا رہائشی 25 سالہ فیاض موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ سامنے سے آنے والے رکشہ سے ٹکرا کر دم توڑ گیا، رحیم یار خان فتح پور کمال میں گھریلو جھگڑے سے دلبرداشتہ ہوکر 30 شوہر ثابت حسین پر اس کی بیوی نے تیل چھڑک کر آگ لگا دی جس کے نتیجے میں وہ جھلس کر شدید زخمی ہو گیا، پولیس نے واقعہ کی تحقیق شروع کر دی، رحیم یار خان میں قومی شاہراہ پر مقامی شوگرملز کے قریب کراچی جانیوالی مسافر کوچ شدید دھند کے باعث کماد سے لوڈ ٹرالی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں جن پور کا رہائشی 50 سالہ محمد شہباز دم توڑ گیا جبکہ لودھراں کا رہائشی 30 سالہ محمد علی شدید زخمی ہو گیا، بستی کلہوڑا فرید چوک کے قریب شدید دھند کے باعث مسافر وین بے قابو ہوکر رکشہ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 3 نوجوان حقیقی بھائی چوک فرید ناظم والی کا 21 سالہ واجد رفیق، 23 سالہ امجد علی اور 26 سالہ بلال رفیق شدید زخمی ہو گئے، میلسی کے محلہ حمزہ ٹاون کا رہائشی شہباز ریلوے لائن کے قریب مردہ حالت میں پایا اطلاع ملتے ہی پولیس نے کاروائی شروع کر دی۔