اسلام آباد (خبر نگار) سٹیزن فورم نے بچوں اور عورتوں کیخلاف جنسی جرائم کے سدباب کیلئے خصوصی عدالتیں بنانے کا مطالبہ کر دیا۔ سٹیزن فورم کے زیر اہتمام ”بچوں اور عورتوں کیخلاف جنسی جرائم کے سدباب“ کے بارے میں اجلاس ہوا جس کی صدارت ایم کوکب اقبالایڈووکیٹ نے کی۔ اجلاس سے پروفیسر آفتاب حیات اور پروفیسر اعجاز حسین رانا نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ایم کوکب اقبال ایڈووکیٹ کی پیش کردہ قرار داد منظور کی گئی جس میں حکام سے اپیل کی گئی کہ بچوں اور عورتوں کے خلاف جنسی جرائم کے سدباب کیلئے خصوصی عدالتیں بنائی جائیں جہاں پولیس آفیسر اور ایک انتظامی مجسٹریٹ کی تین رکنی جے آئی ٹی ٹیم ہو اور وہ جلد از جلد موقع پر جا کر انکوائری کرے ، جرم ثابت ہونے پر سزائے موت یا کم سے کم عمر قید کی سزا دی جائے۔