اسلام آباد ( جنگ نیوز) آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ اور سیکرٹری و کنوینیئر ٹریڈرز کمیٹی آئی سی سی آئی خالد چوہدری نے کہا ہے کہ مختلف کمرشل بینکوں نے آن لائن سسٹم کے لئے ایپس متعارف کرائی ۔ گذشتہ چند ہفتوں سے فراڈئیے اس ایپس کو ہیک کرکے اکائونٹ کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہیں اور اکائونٹ ہولڈرز کو آفیشل ٹیلی فون نمبر سے فون کر کے کوڈ حاصل کر لیتے ہیں اور فوری طور پر اکائونٹ سے رقم نکل جاتی ہے۔ یہ رقوم کسی بینک اکائونٹ میں شفٹ ہوتی ہے ۔ سٹیٹ بنک کے پاس تمام اکائونٹس کی تفصیلات ہوتی ہیں لیکن ابھی تک کوئی فراڈیا شکنجے میں نہیں آیا ۔ یہ بینکوں کا آن لائن سسٹم کمزور ہے اور فراڈ سے نکلوائی گئی رقوم کی ادائیگی صارف کو ادا کرنے کی ذمہ داری بینک کی ہے ۔ انہوں نے گورنر سٹیٹ بینک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بینکوں کے آن لائن ایپس کو بہتر بنانے کے لئے پالیسی مرتب کریں ۔