کراچی (اسٹاف رپورٹر) مزدور رہنمائوں اور سول سوسائٹی نے واضح کیاہے کہ ٹھیکے داری نظام کی ہر شکل کو جرم قرار اور اس کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ مزدور کو مستقل ملازمت اور تحریری تقررنامے جاری کئے جائیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزارت محنت سندھ مزدور دشمن روش ترک کرے اور سرکاری اعلان کردہ اجرتوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ وہ یہاں صدر، ریگل چوک سے کراچی پریس کلب تک اجرتوں کی ادائیگی، ٹھیکے داری نظام ، بین الااقوامی فیشن برانڈز کے جرائم ، اداروں کی نج کاری اور ماحول و مزدور دشمن پالیسز کے خلاف نکالی گئی ریلی کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے، جس میں خواتین سمیت محنت کشوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے سرخ جھنڈے،اپنے مطالبات پر مبنی بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے زہرا خان، ریاض عباسی، ناصرمنصور ، رفیق بلوچ ، حبیب الدین جنیدی ،عبدالخالق جونیجواور دیگر رہنماؤں نے خطاب میں کہا کہ ٹھیکے داری نظام کی ہر شکل کو جرم قرار اور اس کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔