کراچی(اسٹاف رپورٹر)سینیئر سول جج نے سفاری پارک میں 2013میں ٹرین رائیڈ حادثے کے حوالے سے دائر درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔تفصیلات کے مطابق حادثے میں زخمی شہری نے سفاری پارک انتظامیہ اور کے ایم سی کے خلاف ہرجانے کا دعوی دائر کردیا۔عدالت نے فریقین کو 11فروری کے لئے نوٹس جاری کردیے۔درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ستمبر 2013 میں سفاری پارک میں ٹرین رائیڈ کے دوران بوگی پٹری سے اتر گئی تھی۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ حادثے کے نتیجے میں درخواست گزار اور انکے والد کو شدید چوٹیں آئیں،حادثے کے بعد انتظامیہ نے نجی اسپتال منتقل کیا تاہم علاج معالجے کی ادائیگی نہیں کی، عثمان فاروقنجی اسپتال نے سرجری کے لئے ڈیڑھ لاکھ روپے طلب کئے، علاج کی رقم نا ہونے پر درخواست گزار کے والد نے نجی اسپتال سے رخصت لیکر جناح اسپتال سے علاج کروایا،سفاری پارک انتظامیہ کی نااہلی کے باعث حادثہ پیش آیا، تحقیقات میں بھی ثابت ہوا کہ ٹرین رائیڈ کی باقاعدہ مینٹیننس نہیں کی جاتی تھی، حادثے کے وقت درخواست گزار کی عمر 7 سال تھی، حادثے کے بعد درخواست گزار کی تعلیم بھی متاثر ہوئی، سفاری پارک انتظامیہ اور کے ایم سی سے پچاس لاکھ روپے بطور ہرجانہ دلوایا جائے۔