کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سائٹ ایریا ہارون آباد میں مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے دو بھائیوں کو ہلاک اور تین کو زخمی کر دیا،جاں بحق اور زخمی افراد سگے بھائی ہیں اور سندھ حکومت کے مختلف محکموں میں ملازم ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاک کالونی تھانے کی حدود سائٹ ایریا ہارون آباد کے ایم سی کالونی شوکت اسلام مسجد کے قریب اتوار اور پیر کی درمیانی شب سات سے آٹھ مسلح ملزمان گھر میں داخل ہوئے اور فائرنگ کر دی،فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے جبکہ مسلح ملزمان فائرنگ کر کے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔واقعہ کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو ادارے کے ورکرز موقع پر پہنچے اور جاں بحق اور زخمی افراد کو جناح اسپتال منتقل کیا جہاں جاں بحق افراد کی شناخت 45 سالہ اسد اللہ ولد گل محمد اور 20 سالہ سمیع اللہ ولد گل محمدکے نامو سے جبکہ زخمیوں کی شناخت 35 سالہ امیر اللہ ولد گل محمد ،44 سالہ شفیع اللہ اور 35 سالہ امیر عبداللہ اللہ ولد گل محمد کے ناموں سے ہوئی۔ اسپتال میں جاں بحق اور زخمی افراد کے اہلخانہ اور رشتے داروں کی بڑی تعداد بھی پہنچ گئی۔زخمی شفیع اللہ نے پولیس کو بتایا کہ ہم سائٹ ایریا ہارون آباد کے ایم سی کمپاونڈ میں رہائش پذیر ہیں ۔