کراچی ( اسٹاف رپورٹر )گارڈن سے اغوا ہونے والے دونوں بچوں کا سراغ نہیں مل سکا ہے ۔ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا نے لاپتہ بچوں کا سراغ لگانے کے لیے کمیٹی قائم کردی۔ڈی آئی جی سائوتھ کے مطابق، پانچ رکنی کمیٹی لاپتا بچوں کی بازیابی پر کام کرے گی۔ کمیٹی کی سربراہی ایس ایس پی سٹی کریں گے جبکہ کمیٹی میں ایس پی انویسٹیگیشن سٹی اور دیگر بھی شامل ہیں ۔ڈی آئی جی سائوتھ نے بتایا کہ بچوں کی بازیابی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ تین مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ گارڈن دھوبی گارڈن سے لاپتا ہونے والے بچوں کا روٹ بھی چیک کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ لیاری کشتی چوک تک بچوں کی آخری لوکیشن آئی ہے ۔جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ بھی کی گئی ہے۔واضح رہے کہ گارڈن حسن لشکری محلہ سے 14 جنوری کو دو بچے 5 سالہ علیان اور 6 سالہ علی رضا کو مبینہ طور پر اغوا کیا گیا تھا۔بچوں کے اہلخانہ کی جانب سے بچوں کی بازیابی کے لیے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج بھی کیا گیا تھا جبکہ پولیس کی جانب سے علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیے گیے تاہم تاحال بچوں کا سراغ نہیں لگ سکا ہے۔دونوں بچے پڑوسی ہیں۔