پشاور(جنگ نیوز) پشاور کے مضافات کے علاقے نحقئی کے مکینوں نے اتوار کے روز مشیر صحت کی جانب سے گزشتہ ہفتے رورل ہیلتھ سینٹر نحقئ میں یکطرفہ کارروائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت علاقے کے بزرگ کر رہے تھے علاقے کے بزرگوں اور مکینوں کا کہنا تھا کہ مشیر صحت احتشام علی خان کی جانب سے رورل ہیلتھ سینٹر نحقئ کہ ایم ایس ڈاکٹر خالد محمود کو ہٹانا علاقے کے عوام کے ساتھ سراسر زیادتی ہے انہوں نے الزام لگایا کہ اپنے من پسند افراد لانے کے لیے ایک شخص نے یکطرفہ کاروائی کی ہے اور جس کا خمیازہ علاقے کے عوام بھگت رہے ہیں کیونکہ اس چھوٹے سے ہاسپٹل میں نحقئ کے عوام کو ڈاکٹر خالد محمود قریشی ہر قسم کی طبی امداد اور بہترین اپریشن کی سہولیات میسر کر رہے تھے لیکن صوبائی مشیر کے اقدامات سے علاقے کے عوام میں مایوسی پھیل گئی ہے اور اب ہسپتال میں ہو کا عالم ہے علاقے کے مکینوں نے ہاتھوں میں احتجاجی کتبے اٹھائے ہوئے تھے اور صوبائی مشیر کے اقدام کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے علاقے کے مکینوں کا کہنا ہے کہ خالد محمود قریشی کی وجہ سے جو ہسپتال سنسان پڑا رہتا تھا اب وہاں پر صحت کے کافی انتظامات ہو گئے ہیں