پشاور (خصوصی نامہ نگار) ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام کے پی سپورٹس فیسٹ (آٹو کراس) کے مقابلے ختم ہوگئے۔ حسن نے فرنٹ وہیل ڈرائیو میں 46 سیکنڈز کے ساتھ پہلی، حسنات احمد 49 سیکنڈز کے ساتھ دوسری اور حارث خان نے 50 سیکنڈز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ریس میں ملک بھر سے سو سے زائد گاڑیوں نے چھ مختلف کیٹگریز میں شرکت کی۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا عبدالناصر نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نعمت اللہ، ڈائریکٹر فنانس شاہ فیصل، ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن جمشید بلوچ، ایڈمنسٹریٹر جعفر شاہ، فدا محمد اور حنیف خان بھی موجود تھے۔ قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاور میں منعقدہ اپنی نوعیت کا منفرد اور خیبرپختونخوا میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والا آٹو کراس موٹر سپورٹس فیسٹول میں سو سے زائد گاڑیوں نے حصہ لیا۔ ڈی جی سپورٹس نے کہا کہ ایونٹ کے انعقاد کا بنیادی مقصد صوبے میں موٹر سپورٹس کو فروغ دینا ہے، ایونٹ کا انعقاد وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے ویژن کے مطابق کیا گیا کھیلوں کی یہ سرگرمیاں صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہان کی قیادت میں تسلسل کیساتھ منعقد کی جاری ہیں۔