پشاور(نیوز رپورٹر ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نادیہ سید نے لاکھوں روپے مالیت کے منشیات سمگل کرنے کے مقدمہ میں ایکسائز پولیس کے ہاتھوں گرفتار تین ملزمان کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کردیا ملزمان کی جانب سے کیس کی پیروی عامر جنید ایڈووکیٹ نے کی ۔دوران سماعت انہوں نے عدالت کوبتایا کہ ان کے موکل ندیم شاہد، عبداللہ اور سجاد حسین پر الزام ہے کہ وہ 20 جنوری 2022 کو ایک گاڑی کے ذریعے منشیات سمگل کرنے کی کوشش کررہے تھے جسے ایکسائز پولیس نے گرفتار کرلیا انہوں نے عدالت کوبتایا کہ ایکسائز پولیس کا موقف ہے کہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں اس لئے ان کی گرفتاری کو عمل میں لایا گیا انہوں نے عدالت کوبتایا کہ اسکے موکلوں کے خلاف کوئی ثبوت موجود نہیں اور ایکسائز پولیس ابھی تک اس ضمن میں یہ ثابت کرنے سے قاصر ہے کہ یہ منشیات کس سے برآمد ہوئی آیا یہ برآمدگی ایک ملزم سے ہوئی یا سب سے ہوئی اس لئے جو الزام لگایا گیا ہے وہ درست نہیں ۔انہوں نے عدالت کوبتایا کہ استغاثہ نے جو شواہد پیش کئے اس میں بھی کافی تضاد پایا جاتا ہے لہذا ان کے موکلوں کو کسی صورت اس کیس میں سزا نہیں دی جاسکتی انہوں نے عدالت کوبتایا کہ ایکسائز پولیس نے جس موقع پر ان کی گرفتاری ظاہر کی ہے اس میں بھی متعدد بیانات سامنے آئے ہیں اس لئے ان کے موکلوں کو بری کیا جائے جبکہ جس پولیس پارٹی نے یہ چھاپہ مارا اس کی ڈیلی ڈائری رپورٹ بھی موجود نہیں ان حالات کو دیکھتے ہوئے انکے موکل بے گناہ ہیں عدالت نے دو طرفہ دلائل مکمل ہونے پر تینوں ملزمان کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کردیا۔