کراچی (اسٹاف رپورٹر) ان اطلاعات کے بعد کہ آسٹریلیا میں بھارت کے بڑے کھلاڑی پرائیویٹ جیٹ میں سفر کرتے رہے اور ٹیم کے ساتھ سفر کرنے سے گریز کیا گیا ان کی سپراسٹارز کی عیاشیاں ختم کردی گئی ہیں۔ اب بھارتی کرکٹ بورڈ نے 10 نکاتی گائیڈ لائنزجاری کی ہیں جن کا اطلاق انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ سے ہو گا، بھارتی ٹیم بس کے پروٹوکول بھی گائیڈ لائن میں شامل ہیں۔ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 22 جنوری کو کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کو بتا دیا گیا ہے کہ ٹیم کے کسی رکن کے لیے الگ گاڑی کا انتظام نہ کیا جائے۔ صدر کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال سنیہاسیش گنگولی کا کہنا ہے کہ بھارتی اسکواڈ کے تمام اراکین ٹیم بس میں ہی سفر کریں گے۔ پورے پریکٹس سیشن کے دوران تمام کھلاڑی موجود رہیں گے، بس پر آئیں گے اور بس پر اکٹھے جائیں گے ، بھارتی ٹیم کے لیے صرف ایک بس کا انتظام کیا گیا ہے، کسی کھلاڑی یا آفیشلز کا ذاتی مینجر یا اسسٹنٹ بھی ٹیم ہوٹل میں قیام پذیر نہیں ہو گا۔