• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمپئنز ٹرافی، پاکستان ٹائٹل کے دفاع کیلئے فیورٹ قرار، انگلینڈ کا ٹور مکمل، ٹرافی بھارت پہنچ گئی

ممبئی (جنگ نیوز) پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں، جبکہ ٹرافی کا عالمی سفر جاری ہے۔ یہ انگلینڈ کا ٹور مکمل کرکے بھارت پہنچ کی ہے جہاں ممبئی میں نمائش کی گئی، اس موقع پر سابق بھارتی کپتان سنیل گاوسکر، سچن ٹنڈولکر، روی شاستری، روہت شرما، دلیپ وینگسارکر، اجنکیا رہانے موجود تھے۔ دریں سنیل گواسکر نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کو فیورٹ قرار دے دیا۔ جبکہ روہت شرما نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ میگا ایونٹ جیت کر ٹرافی دوبارہ وینکھڈے اسٹیڈیم لائیں گے۔ ٹورنامنٹ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت 23 فروری کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹکرائیں گے۔ تفصیلا ت کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے پاکستان میں شروع ہورہی ہے جبکہ بھارت اپنے تمام میچز یو اے ای میں کھیلے گا۔ سابق بھارتی کرکٹر سنیل گاوسکر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنے میدانوں پر کھیلنے کا بڑا فائدہ حاصل ہوگا۔ اس ٹورنامنٹ کیلئے میزبان ٹیم پاکستان کو فیورٹ قرار دیا جانا چاہیے کیونکہ کسی بھی ٹیم کو ان کے اپنے ملک میں ہرانا بہت مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2023 میں بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھائی تھی ، فائنل میں بھلے ہارا لیکن اس سے پہلے ایونٹ میں مسلسل 10میچز جیتے۔ ادھر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پر نظریں جما لیں۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ایونٹ جیتنے کا عزم رکھتے ہوئے روہت شرما نے اعلان کیا کہ وہ دبئی میں چیمپئنز ٹرافی جیت کر ٹائٹل ممبی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم لائیں گے۔ روہت شرما نے وانکھیڈے اسٹڈیم ممبئی میں منعقدہ تقریب کے دوران کہا کہ مجھے یقین ہے جب ہم چیمپئنز ٹرافی کے لیے دبئی میں اتریں گے تو 140 کروڑ بھارتیوں کی دعائیں ہمارے ساتھ ہوں گی۔ روہت شرما نے مزید کہا کہ ہم ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری کو کراچی میں ہوگا۔ ٹورنامنٹ کے میچز دبئی اور پاکستان کے تین شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ 19 فروری کو میزبان پاکستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے کراچی میں ہوگا۔