حیدرآباد (این این آئی)سینئر صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ عمران خان کو 14سال کی سزا ہوئی لیکن کسی نے بھی احتجاج نہیں کیا‘اس سے یہ ثابت ہوتا ہے وہ شخص جب باہر تھا تو انتشار پھیلارہاتھا‘صحت پیپلز پارٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے، صحافی حکومت سندھ کے اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتالوں میں اپنا علاج فری میں کرواسکتے ہیں‘حیدرآباد میں بھی ای وی بسز شروع کریں گے۔تفصیلات کے مطابق شرجیل انعام میمن نے پیر کو پریس کلب حیدرآباد میں حیدرآباد یونین آف جرنلسٹ کی حلف برداری تقریب میں شرکت کرکے ایچ یو جےکی نومنتخب باڈی اور 18مجلس عاملہ کے اراکین سے حلف لیا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ صحافیوں کے فلاح وبہبو داور مسائل کے حل کے لیے کام کرتی رہی ہے ‘ آمریت کے ادوار میں پیپلزپارٹی نے آزاد صحافت کے لیے کوششیں جاری رکھیں۔شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ ماضی میں پیپلز پارٹی کے کردار کو خراب ظاہرکرنے کی کوشش کی گئی لیکن پیپلز پارٹی میں برادشت کا مادہ ہے۔