کوئٹہ(خ ن) بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹوعبدالکبیر خان زرکون نے کہا ہے کہ چمن انڈسٹریل اسٹیٹ پروجیکٹ میں نجی شعبے کی شمولیت کا خیر مقدم کیا جائیگایہ منصوبہ صوبے میں صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافے کا باعث بنے گاان خیالات کااظہار انہوں نے ریلائنس گروپ اور محکمہ صنعت و حرفت کے نمائندوں کے اجلاس میں کیا اس موقع پر چمن میں برآمدی صنعتی زون تیار کرنے کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیاگیاجبکہ ریلائنس گروپ نے چمن انڈسٹریل زون میں انڈسٹری لگانے اور افغانستان سمیت وسطی ایشیا تک اپنی برآمدات بڑھانے کے حوالے سے منصوبے سے آگاہ کیا سی ای او نے کہا کہ چمن پاکستان کا اہم سرحدی تجارتی مرکز ہے 50ایکڑ اراضی پر محیط چمن انڈسٹریل زون چمن ماسٹر پلان کا حصہ ہے، جس میں سڑکیں، سیوریج کا نظام اور باونڈری وال بھی تعمیر کر لی گئی ہے صنعتوں کے قیام سے نہ صرف معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ برآمدات کو بھی فروغ حاصل ہوگاانہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت ہر قسم کی سرمایہ کاری کو بھرپور سپورٹ کرتی ہے اور سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی،انہوں نے چمن انڈسٹریل اسٹیٹ پروجیکٹ میں نجی شعبے کی شمولیت پر زور دیا۔