• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوانوں کو بہترین مواقع فراہم اور انکا ٹیلنٹ سامنے لائینگے‘ مینا مجید

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) پارلیمانی سیکرٹری برائے سپورٹس مینامجید بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان صوبے کے نوجوانوں کو بہترین مواقع فراہم کرنے کیلئے روزاول سے متحرک ہے ۔صوبے کے نوجوانوں کا ٹیلنٹ سامنے لانے کیلئے سپورٹس اکیڈمی کا قیام احسن اقدام ہے،ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بلوچستان کے کھلاڑیوں کیلئے جدید سہولیات سے آراستہ اکیڈمی کے قیام کیلئے حکومت بلوچستان اور ڈی ایچ اے انتظامیہ کی جانب سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن محمد حمزہ شفقات، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس یاسر بازئی، ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے کوئٹہ اظہر منیر و دیگر بھی موجود تھے۔ مینامجید بلوچ نے کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے کے نوجوانوں کو بہترین مواقع فراہم کرنے کیلئے روزاول سے متحرک ہے ،سپورٹس اکیڈمی کا قیام احسن اقدام ہے،جہاں کھلاڑیوں کو تربیت دی جائے گی جس سے صوبے کے نوجوانوں کو سیکھنے کا موقع ملے گا جبکہ اچھی تربیت حاصل کرنے کے بعد ان نوجوانوں کو آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع ملیں گے اور پاکستان بالخصوص بلوچستان کی نمائندگی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ،صوبے کے کئی کھلاڑیوں نے نیشنل اور انٹرنیشنل سطح پر نمائندگی کرکے نام روشن کیا، ہم مزید ایسے کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ۔ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے کوئٹہ اظہر منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان اور ڈی ایچ اے انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں سے اکیڈمی کا قیام عمل میں لایا جاریا ہے، جس سے صوبے کے نوجوان کھلاڑیوں کو نیشنل اور انٹرنیشنل سطح پر بہترین مواقع فراہم کئے جاسکیں گے۔
کوئٹہ سے مزید