بالی ووڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان نے زخمی حالت میں صحیح وقت پر اسپتال پہنچانے والے رکشہ ڈرائیور کو انعام دے دیا۔
سیف علی خان نے ڈسچارج ہونے کے بعد اسپتال میں ہی رکشہ ڈرائیور بھجن سنگھ رانا سے ملاقات کی۔
اس ملاقات کے دوران سیف علی خان نے خوشگوار موڈ میں رکشہ ڈرائیور بھجن سنگھ رانا کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
اُنہوں نے ملاقات کے دوران بھجن سنگھ رانا کو تقریباََ 50 ہزار بھارتی روپے کا انعام بھی دیا۔
اس حوالے سے رکشہ ڈرائیور نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ میں نے سیف علی خان سے ایک وعدہ کیا ہے کہ میں اس ملاقات کی تفصیلات میڈیا کے سامنے نہ لاؤں اور میں اس وعدے پر قائم رہوں گا۔
بھجن سنگھ رانا نے کہا کہ لوگ اس کے بارے میں قیاس آرائیاں کر رہے ہیں کہ مجھے انعام میں 50 ہزار یا 1 لاکھ روپے دیے گئے ہیں لیکن میں اصل انعامی رقم کو ظاہر نہیں کرنا چاہتا۔
دورانِ انٹرویو رکشہ ڈرائیور سے یہ سوال بھی پوچھا گیا کہ کیا وہ سیف علی خان کی جانب سے انعام کے طور پر نیا رکشہ قبول کریں گے؟
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے بھجن سنگھ رانا نے کہا کہ میں نے اداکار سے کچھ بھی نہیں مانگا لیکن اگر وہ خود سے مجھے کوئی تحفہ دینا چاہیں تو میں خوشی سے قبول کرلوں گا۔
رکشہ ڈرائیور نے مزید کہا کہ میں نے ان کی مدد کسی لالچ میں نہیں کی تھی۔