کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ بلوچستان کی غریب عوام علاج کی مفت اور بہترین سہولیات کی فراہمی کا حق دار ہے بلوچستان کی نادر اور غریب عوام کو علاج کی بلاتعطل فراہمی، حکومت، ینگ ڈاکٹرز سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کا نصب العین ہونا چاہیے، جس عمل کا ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان نے روز اول سے عہد کررکھا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں علاج کا موجودہ نظام بہتر بنانے کیلئے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان ہمیشہ کلیدی کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے، حکومت کا ہسپتالوں کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہیں سرکاری ہسپتالوں میں صبح شام کام کرنے والے تمام فرض شناس ینگ ڈاکٹرز کو باور کراتے ہیں کہ ان کی لیڈرشپ ان کے تمام جائز حقوق پر کسی سے کسی قسم کا بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور اس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی ۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان نے سرکاری ہسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کے تمام مسائل کی نشاندہی کی جس میں ینگ ڈاکٹرز کیلئے مستقل ملازمتیں، دس سالوں سے تعطل کا شکار ڈاکٹروں کا پروموشن، ملک کے دیگر صوبوں کے ڈاکٹروں کی برابر تنخواہیں، ہاؤس آفیسر اور پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں دیگر صوبوں کے تناسب سے اضافہ اور ماہانہ بنیادوں پر فراہمی، ڈاکٹروں کی رہائش کیلئے ہاسٹل، پوسٹ گریجویٹس کیلئے مزید پیڈ سلاٹس کی منظوری، سمیت ان تمام مسائل پر ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے ساتھ اتفاق راہے پیدا کی ہے جس کے حل کرنے سے بلوچستان میں ہیلتھ کیئر ڈلیوری کا نظام مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔گرینڈ ہیلتھ الائنس بلوچستان کے پلیٹ فارم سے عوام اور ملازمین کے حقوق کیلئے جاری حالیہ جدوجہد میں تمام ڈاکٹر کمیونٹی نے جس اتحاد، اتفاق اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا وہ بے مثال ہے۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے کردار کو سامنے رکھتے ہوئے اور ملک بھر کے ینگ ڈاکٹرز کو ایک پلیٹ فارم پر منظم اور متحد کرنے کو موجودہ حالات میں انتہائی اہم سمجھتے ہیں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی میزبانی میں ایسوسی ایشن پاکستان کا پہلا کنونشن بلوچستان میں کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاریخ کا اعلان وائی ڈی اے پاکستان کی کابینہ کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔