کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ تعلیمی بورڈز اور جامعات کی وزارت وزیر اعلیٰ کے پاس ہے، طلبہ کو یونین سازی کا حق نہ دیا گیا، جامعات کے اساتذہ کے مسائل حل اور مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ہمارے پاس تمام آپشن موجود ہیں، ضرورت پڑی تو وزیر اعلیٰ ہاؤس پر احتجاج اور دھرنا دے سکتے ہیں، طلبہ کے حقوق اور اساتذہ و کراچی کے شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے جدو جہد اور مزاحمت جاری رہے گی،سڑکوں پر احتجاج اور عدالت سے بھی رجوع کیا جائے گا، پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت جامعات پر حکومتی کنٹرول قائم کرنے سے باز رہے اور فوری طور پر طلبہ یونین کے انتخابات کو یقینی بنائے، ایک بیورو کریٹ، وائس چانسلر کے طور پر کسی صورت قبول نہیں،پیپلز پارٹی تعلیم کو تباہ و برباد کرنا چاہتی ہے،سندھ حکومت کا وژن ہے کہ”جہالت سب کے لیے ہے“ طلبہ، اساتذہ اور عوام بیدار ہیں، پیپلز پارٹی کی تعلیم دشمنی کا عمل ہر گز نہیں چلنے دیا جائے گا، ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو اسلامی جمعیت طلبہ کے تحت جامعات کی خودمختاری سلب کرنے کے لیے سندھ اسمبلی میں پیش کردہ بل،طلبہ یونین کے انتخابات کی قرارداد مسترد ہونے اور انٹر میڈیٹ نتائج میں بے ضابطگیوں کے خلاف کراچی پریس کلب سے سندھ اسمبلی بلڈنگ تک مارچ اور اسمبلی کے سامنے طلبہ کے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، دھرنے میں مختلف جامعات اور سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ اور اساتذہ نے شرکت کی، دھرنے سے جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق،اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم حافظ محمد آبش صدیقی،کراچی یونیورسٹی ٹیچرز سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر معروف نے بھی خطاب کیا، منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ ہم جامعات کے اساتذہ کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہیں، پیپلز پارٹی عارضی بنیادوں پر اساتذہ بھرتی کرکے رشوت، سفارش اور کرپشن کو فروغ دینا اور جامعات کو یرغمال بنانا چاہتی ہے۔