کراچی( اسٹاف رپورٹر )شہر میں مبینہ پولیس مقابلوں میں 3 ملزمان ہلاک اور تین زخمیوں سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ، محمود آباد میں مقابلے کے دوران پولیس اہلکار اور خاتون سمیت 3 افراد بھی زخمی ہوئے،تفصیلات کے مطابق منگھوپیر پولیس نے گرم چشمہ کے قریب مبینہ مقابلے میں دو ملزمان کو ہلاک کر دیا ،پولیس کے مطابق مسلح ملزمان شہری کو واردات کا نشانہ بنا کر فرار ہورہے تھے،ماربل ایریا میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ،ملزمان سے دو پستول ، چھینا گیا موبائل فون، والٹ اور نقد رقم برآمد ہوئی،ملزمان کے زیراستعمال موٹرسائیکل کو بھی قبضہ پولیس میں لے لیا گیا ہے،خواجہ اجمیر نگری پولیس نے سردار بلوچ گینگ سے مبینہ مقابلے میں ایک زخمی ملزم سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا،پولیس کے مطابق سیکٹر 3 اندرون روڈ کے قریب ایک موٹر سائیکل پر سوار 3 ملزمان شہری سے موبائل فون اور نقد رقم چھین کر فرار ہوئے تو مدعی کے شور شرابہ کرنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی،ملزمان کا ایک ساتھی ملزم فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگیا، گرفتار ملزمان کی شناخت عزیز الرحمنٰ عرف کاشف کالا اور عادل نور عرف سردار کے ناموں سے ہوئی جن سے 3 چھیننے ہوئے موبائل فون ، پستول 30 بور اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے،تیموریہ پولیس نے نارتھ ناظم آباد بلاک ایل نادرا آفس کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک ملزم اسلم عرف شیراز عرف بلوچ کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ دو ساتھی فرار ہوگئے ،زخمی ملزم دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گیا،پولیس کے مطابق ملزمان نے رکشا میں سوار شہری سے لوٹ مار کی اور رکشا چھین کر فرار ہوئے تھے، محمود آباد پانچ نمبر قبرستان کے قریب پولیس اور دو ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار اور خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے،زخمی پولیس اہلکار کی شناخت محمد رمضان ، خاتون کی فائزہ اور تیسرے شخص کی شناخت عمران کے نام سے کی گئی،کورنگی پولیس نے 33d رحمانیہ گرائونڈ کے قریب مبینہ مقابلے میں دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ، حارث ولد نبی بخش اور نعیم اختر ولد غلام رسول کے کے قبضے سے دو پستول ، موٹر سائیکل ، موبائل فون اور نقد رقم برآمد ہوئی ہے ۔