راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے اٹک کچہری میں دو وکلاء کے قتل میں نامزد ایلیٹ فورس کے اے ایس آئی کو جرم ثابت ہونے پر مجموعی طور پر تین مرتبہ سزائے موت دے دی۔ تھانہ سٹی اٹک میں گزشتہ سال 15جون کو سردار توصیف ایڈووکیٹ کی درخواست پر درج کیس کے مطابق سیشن کورٹ اٹک کے سکیورٹی انچارج ایلیٹ فورس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر انتظار شاہ نے سرکاری رائفل سے فائرنگ کر کے ملک اسرار ایڈووکیٹ اور ذوالفقار مرزا ایڈووکیٹ کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا تھا۔وجہ عناد یہ تھی کہ ملزم کے فیملی کیس میں ملک اسرار نے مخالف فریق کی وکالت کی تھی۔گزشتہ روز عدالت نے دوہرے قتل کے جرم میں ملزم کو دو مرتبہ اور دہشت گردی کے جرم ایک مرتبہ موت کی سزا سنائی، جبکہ لائرز ویلفیئر اینڈ پروٹیکشن ایکٹ کے تحت تین سال قید سخت کے علاوہ مقتولین کے ورثا کو دس دس لاکھ روپے ہرجانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔