حماس کے سربراہ شہید یحییٰ سنوار کی غزہ میں لڑنے اور اسرائیلی فوج کے ٹینک کے قریب ہونے کی نئی ویڈیو جاری کردی گئی۔
گزشتہ روز عرب نیوز چینل الجزیرہ نے ایک خصوصی ویڈیو جاری کی، جس میں غزہ میں مزاحمت کاروں کی جدوجہد کے ساتھ ساتھ یحییٰ سنوار اور محمد ضیف کے بارے میں نئی تفصیلات ظاہر کی ہیں۔
اس فلم میں یحییٰ سنوار یہ شعر پڑھتے ہوئے بھی نظر آئے کہ آزادی کا دروازہ سرخ ہے، جس پر خون سے ڈوبا ہاتھ دستک دیتا ہے۔
شہید یحییٰ سنوار کی وہ نادر ویڈیوز بھی دکھائی گئی ہیں، جن میں وہ رفح اور دیگر علاقوں میں اسرائیلی فورسز کے خلاف فوجی آپریشنز کی قیادت کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
ایک منظر میں سنوار کو محمود حمدان کے ہمراہ دیکھا گیا، جو رفح میں تل السلطان بٹالین کے کمانڈر تھے۔ دونوں اسرائیلی حملے میں شہید ہونے سے پہلے آپریشنز کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے دکھائے گئے۔
ایک اور ویڈیو میں سنوار رفح کے تل السلطان محلے میں ایک اسرائیلی فوجی گاڑی کا معائنہ کررہے ہیں۔
ان ویڈیوز میں سنوار کو مختلف مقامات پر جاتے ہوئے، القسام جنگجوؤں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے اور گھات لگا کر حملوں کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
غزہ جنگ میں پیش پیش یحییٰ سنوار کہیں سر پر کپڑا ڈالے عصا تھامے تباہ شدہ عمارتوں سے گزرتے نظر آئے تو کہیں نقشے پر جُھکے دشمن کی پوزیشن پر تبادلہ خیال کرتے دکھائی دیے۔
شہید یحییٰ سنوار کے میدان جنگ میں موجود ہونے کے مناظر نے اسرائیلی فوج کا سنوار کا سرنگوں میں چُھپے ہونے کا دعویٰ غلط ثابت کر دیا۔
واضح رہے کہ 17 اکتوبر 2024 کوغزہ میں اسرائیلی فوج سے لڑتے ہوئے حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار شہید ہوگئے تھے۔