کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بہت سارے لوگوں کے خواب ٹوٹے ہیں، ان کا خیال تھا اسٹیڈیمز کا کام مکمل نہیں ہو گا اور چیمپئنز ٹرافی کہیں اور منتقل ہو گی، بارڈر پار سے پتھر بھی آئے ، یہ ٹورنامنٹ پاکستان کی عزت ہے، اس میں مزید اضافہ کریں گے۔ نئے تزئین شدہ قذافی اسٹیڈیم کا سات فروری کو وزیر اعظم شہباز شریف اور نیشنل اسٹیڈیم کا11فروری کو صدر آصف علی زرداری افتتاح کریں گے، چیمپئنز ٹرافی کیلئے آئی سی سی سربراہ جے شاہ ، تمام بورڈ، کچھ ممالک کے کھیلوں کے وزیر، آئی سی سی حکام اور مہمانوں کو مدعو کیا ہے ۔ وہ جمعے کوقذافی اسٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے ورکرز سے ملاقات کی اور دن رات کام پر شاباش دیتے ہوئے 8فروری کو سہ فریقی سیریز کا میچ دیکھنے کی دعوت دی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار جدید ترین سہولتوں سے مزین اسٹیڈیم تیار کیا گیا ہے جس سے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ شائقین محظوظ ہوں گے، تعمیراتی اخراجات برابر کرنے میں وقت لگے گا، 13ارب میں 3اسٹیڈیمز اور ہیڈآفس کی بلڈنگ بھی شامل تھی ، حکومت سے کوئی پیسہ یا گرانٹ نہیں لیتے، قذافی اسٹیڈیم کا نام ابھی تبدیل نہیں کر رہے، البتہ قذافی اسٹیڈیم اور ایک دو اور اسٹیڈیمز کے نام پر ٹینڈر کر رہے ہیں، مستقبل میں ایسا ہوگا۔