کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیمپئنز ٹرافی کے لئے پاکستان کے منتخب کھلاڑیوں پر بعض سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے سوال اٹھادیا ہے، سوشل میڈیا پر بھی بعض کھلاڑیوں پر تنقید کی جارہی ہے۔ صارفین اور مبصرین نے صائم ایوب کے ٹیم میں نہ ہونے کو بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ بابر اعظم نمبر چار پر بیٹنگ کرتے ہیں، اگر وہ اوپنر آکر جلدی آؤٹ ہوگئے تو مڈل آرڈر کو سنبھالنے والا بیٹر اور کوئی نہیں ہوگا۔ سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ ٹیم میں اوپنر نظر نہیں آرہا ہے، فخر کی واپس ہوئی ہے، شاید وہ سعود شکیل یا بابر کے ساتھ اوپننگ کریں۔ خوشدل شاہ، فہیم اشرف واپس آئے جو کہیں سسٹم میں نہیں تھے، سلیکشن کمیٹی کی بہت زیادہ تیاری نہیں تھی کہ ہمیں چیمپئنز ٹرافی کس طرح کھیلنی ہے ، پلیئر اچھے لیکن ان کے کیریئرمیں بڑا گیپ ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت نے کہا کہ اسکواڈ پر تحفظات ہیں، عثمان کی کوئی خاص پرفارمنس نہیں 18 ٹی ٹوئنٹی میں 232 رنز ہیں، ون ڈے میچز نہیں کھیلے ہیں۔ خوشدل نے آخری میچ 2022 میں کھیلا ان کو اس لیے لیا گیا کہ انہوں نے بنگلادیش لیگ میں چھکے مار لیے، ہمیں یہ طے کرنا ہے ہماری ڈمیسٹک کرکٹ اہم ہے یا لیگ۔ فہیم اشرف کہیں بھی نہیں تھے۔