راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر خصوصی نامہ نگار ) مختلف واقعات میں 4افراد جان کی بازی ہار گئے۔ 21سالہ نوجوان کو اس کے خالہ زاد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔قاتل اور مقتول دونوں افغانی بتائے جاتے ہیں ۔تھانہ رتہ امرال ایچ آئی یو کے سب انسپکٹر ذوالفقار حسین نے بتایاکہ شہباز اپنے بھائی کے ہمراہ نواب کالونی ڈھوک حسومیں اپنے ماموں کے بیٹے کی شادی میں شرکت کے لئے آیاہواتھا،جہاں اس کے خالہ زاد شمس اور عرفان بھی آئے تھے ،جن کا کچھ عرصہ پہلے سبزی منڈی اسلام آباد میں شہباز سے جھگڑ اہواتھا جس کی وجہ سے شمس اور اس کے بھائی عرفان نے فائرنگ کرکے شہباز کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔تھانہ دھمیال کو محمد عمران نے بتایاکہ میرا بھائی عامر حسین ہمارے گھر آیااور کہاکہ میرا داماد گل میر خان میری بیٹی کومارپیٹ کرتاہے اس سے جاکر بات کرتے ہیں ۔ ہم تینوں بھائی گل میر کے گھر کے قریب کھیتوں کے پاس پہنچے تو گل میر خان آرہاتھاجس کوعامر نے کہاکہ تم بسمہ کو مارپیٹ کیوں کرتے ہو تو گل میر خان نے پسٹل نکال کر فائر عامر حسین پر کئے جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ ای الیون تھری میںگرین بیلٹسے ایک 30 سالہ شخص کی لاش ملی جو پمزکے مردہ خانہ میںمنتقل کر دی گئی ۔پولیس ذرائع کے مطابق مقتول مضبوط جسم کا مالک تھا جس نے چھوٹی داڑھی رکھی ہوئی تھی، نیلے رنگ کے کپڑے پہنے ہوئے ہیں اوربڑے بڑے بال رکھے ہوئے تھے۔ تھانہ ترنول کے علاقے جی ٹی روڈ پرکار اور رکشے کے تصادم کے نتیجے میں رکشے میں سوار ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے ۔جاں بحق 40سالہ شخص کی شناخت سعید اللہ ولد سلیم اللہ سکنہ چارسدہ کے نام سے ہوئی ۔