اسلام آباد( نیوز رپورٹر،خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ بلاشبہ اسلام کی ترویج و اشاعت میں دینی مدارس، مساجد اور علما کرام کا بنیادی اور کلیدی کردار رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاق المدارس کے زیر انتظام امتحانی مرکز جامعہ محمدیہ اسلام آ بادکے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکر تے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاق المدارس کا تعلیمی اور امتحانی نظام انٹرنیشنل معیار سے ہم آہنگ اور تعلیمی اداروں کے لئے رول ماڈل ہے۔ انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امرکی ہے کہ دینی مدارس کے اندر ہی ایسے کورسز کا اہتمام کیا جائے کہ طلبا دین کے ساتھ ساتھ مختلف پیشوں کی تربیت بھی حاصل کر سکیں۔ مدارس میں جدید تعلیم کی فراہمی کے لئے حکومت ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے۔مولانا ظہور احمد علوی،مولانا عبدالقدوس محمدی، مولانا نذیر احمد فاروقی، مولانا عبدالغفار،مولانا مفتی اویس عزیز، مولانا مفتی عبدالسلام،مولانا تنویر احمد علوی بھی ا س موقع پر موجود تھے۔دریں اثناء چوہدری سالک حسین نے پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلے سے بھی ملاقات کی جس میں لیبر مائیگریشن، انسانی وسائل کی ترقی اور بیرون ملک روزگار جیسے اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر بات ہوئی۔