• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فہیم اشرف آل راؤنڈر، بولنگ میں پیس، بیٹنگ بھی اچھی، عاقب جاوید کی وضاحت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ ہرشخص کا حق ہے کہ وہ ٹیم سلیکشن پر رائے دے، یہ نہیں دیکھتے کہ کون کتنے عرصے کے بعد آیا کون نہیں ، ہم نے کمبینیشن کو دیکھا ہے۔ حسیب اللہ جنوبی افریقا میں ان فٹ ہوئے، دوسرا وکٹ کیپر آپ کو ’’کن کشن‘‘ کی وجہ سے رکھنا پڑتا ہے۔ بدھ کو لاہور میں پاکستانی پریکٹس سیشن سے قبل پریس کانفرنس میں انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ فہیم اشرف کوبطور آل راؤنڈر موقع دیا ہے، ان کی سلیکشن کو تنقید کا نشانہ بنانا ناقدین کی رائے ہے۔ ضرورت پڑنے پر انہیں بولنگ میں بھی موقع دیں گے، بہترین کمبی نیشن کے طور پر قومی ٹیم تشکیل دی ہے، تاکہ ضرورت پرفاسٹ بولراوراسپن آل رائونڈر دستیاب ہوں۔ فہیم اشرف آل راؤنڈر آپشن اچھی ہیں۔ وہ پیس بولنگ کے ساتھ بیٹنگ بھی کرتے ہیں ۔ خوشدل شاہ پر آسٹریلیا جانے سے پہلے بھی بات ہوئی تھی۔ صائم ایوب کی غیر موجودگی میں ان پر غور کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ہوم کنڈیشنز میں پاکستان کو تین سو سے زائد رنز بنانے چاہیئں، ٹی ٹوئنٹی کی وجہ سے کرکٹ تیز ہوگئی ہے، ہر ٹیم آسانی سے تین سو پلس رنز بنالیتی ہے۔ سہ ملکی سیریز چیمپئنز ٹرافی کیلئے گیئر اپ ہونے کا موقع ہے، چیمپئنز ٹرافی میں بھی پاکستان مہم جوئی کا آغاز کیویزکے خلاف میچ سے ہوگا۔ سفیان مقیم صرف ایک ون ڈے میچ کھیلے ہیں۔ ابرار احمد کے ہوتے ممکن نہیں کہ آپ دو اسپنرز کے ساتھ کھیلیں۔ عامر جمال زیادہ ون ڈے نہیں کھیلے ۔ انہوں نے کہا کہ سینٹر پچ پر بیٹنگ کا موقع ملے تو پھر میچ سیناریو کا زیادہ فائدہ ہوتا ہے ۔ ہمیں پاکستان میں کھیلنے کا فائدہ ہے، کوئی انجری ہوتی ہے تو اسپنر کو تبدیل کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔ ٹاپ 7 بیٹرز میں ہمارے پاس اسپنر کی آپشن ہوتی ہے۔ میرے خیال میں یہی ٹیم فائنل رہے گی ۔ جسپریت بمرا کی فکر بھارتی ٹیم کو ہونا چاہئے۔ دریں اثنا پاکستانی کرکٹ ٹیم نے لاہور میں مسلسل دوسرے دن پریکٹس کی۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لئے پاکستان پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ مہمان کھلاڑیوں نے بدھ کولاہور میں آرام کیا ۔ سہ فریقی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ ہفتے کو کھیلا جائے گا۔ چیمپئنز ٹرافی کا ابتدائی میچ 19فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں ہونا ہے۔ علاوہ ازیں پی سی بی ڈیجیٹل کو انٹرویو میں عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ ٹرائی نیشن سیریز اور چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستانی ٹیم کی مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی میں کوئی کمزور ٹیم نہیں۔ اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود نے کہا کہ ہمارے پاس آج سینٹر پچ کی سہولت دستیاب تھی اس لیے سیناریو بیسڈ میچ کھیلا۔ میچ میں کھلاڑیوں کو ہر طرح سے تیاری کروائی جاتی ہے، بولرز اور بیٹرز کو ٹاسک دیتے ہیں ۔

اسپورٹس سے مزید