کراچی(اسٹاف رپورٹر) 2017میں اوول میں بھارت کو شکست دے کر پاکستان کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جتوانے والے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ اگلے ماہ پاکستان اور بھارت کا ایک اور فائنل ایک خواب ہو گا اور دنیا بھر کے شائقین اس پر فدا ہوجائینگے۔ ہمارے لوگ ویرات کوہلی، روہت شرما، پنت اور بمراہ کو اپنے میدانوں پر کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ ایک انٹرویو میں سابق کپتان نے کہا کہ انگلینڈ میں چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی 124 رنز کی شکست کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ بطور کپتان یہ ڈراؤنا خواب ثابت ہوا۔ یہ ایک بڑا جھٹکا تھا ۔ لیکن سب نے محسوس کیا کہ اگر اس طرح کھیلے تو نہیں جیت سکتے۔ فائنل سے متعلق ہمیں بہت یقین تھا کہ اس بار ہم جیتیں گے۔ فخر زمان نے ایک خواب دیکھا کہ ہم جیت چکے ہیں اور ونر کے طور پر سفید جیکٹ پہن رہے ہیں، یہ خواب پورا ہو گیا۔ فخر نے غیرمعمولی بیٹنگ کی ، جسپریت بمراہ کی نو بال پر آؤٹ ہونے پر انہیں آرام ملا۔ اس کے بعد عامر نے جادو کیا اور روہت، کوہلی اور شیکھر دھون کی وکٹیں لے کر بھارتی بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔ میں اس فتح کو نہیں بھول سکتا۔ ہم نے 18 جون 2017 کو سفید کوٹ پہن لیا۔ یہ میری زندگی کا سب سے یادگار دن تھا۔ واپس آئے تو پورے پاکستان نے جشن منایا۔ ہجوم کی وجہ سے مجھے ایئرپورٹ سے اپنے گھر پہنچنے میں کئی گھنٹے لگے۔ یہ سب ناقابل یقین اور خواب لگتا ہے۔