• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

CDAنے لے آؤٹ پلان میں ترمیم اعلیٰ سطح کمیٹی کی کلیرنس سے مشروط کردی

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر )سی ڈی اے بورڈ میں لے آؤٹ پلان میں ترمیم پیش کرنے سے قبل ایک اعلی سطحی کمیٹی کی کلیرنس سے مشروط کردیاگیا ہے۔ اتھارٹی نے ڈی جی اربن پلاننگ کی سر براہی میں ایک چھ رکنی جائزہ کمیٹی تشکیل دیدی ہے جو اسلام آ باد کے کسی بھی ایریا کے لے آؤٹ پلان میں تر میم کی تجویز کا جائزہ لے گی اور ا سکے بعد اسے منظوری کیلئے سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں پیش کیا جا ئے گا۔ اس سے قبل پلاننگ ونگ کے متعلقہ ڈائریکٹر براہ راست سمری بورڈ میں پیش کرتے تھے کمیٹی کے دیگر ممبران میں ڈی جی سپیشل پلاننگ، ڈی جی بلڈنگ اینڈ ہا ؤسنگ کنٹرول ۔ ڈی جی ڈیزائن ۔ ڈی جی لا ء اور متعلقہ ڈائریکٹر شامل ہیں۔ کمیٹی کی ٹی او آرز بھی جاری کردی گئی ہیں۔ ٹی او آر کے تحت کمیٹی لے آؤٹ پلان میں تجویز کی گئی تر امیم کا ریگولیشنز برائے لے آؤٹ پلان ترمیم 2019کی روشنی میں جائزہ لے گی۔کمیٹی پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے تما م متعلقہ ڈائریکٹوریٹس سے مشاورت کو یقینی بنائے گی تاکہ ایک جامع جائزہ لیا جاسکے۔ کمیٹی یقینی بنائے گی کہ لے آؤٹ کی مجوزہ ترامیم قابل اطلاق ریگولیشنز۔ پالیسیوں اور ماسٹر پلان کے مطابق ہیں۔ کمیٹی کسی بھی قسم کے قانونی مضمرات سے بچنے کیلئے لاء ڈائریکٹوریٹ سے رائے لے گی۔ کمیٹی جائزہ لینے کے بعد ایک تفصیلی رپورٹ تیار کرے گی جس میں ترامیم کاجواز دیاجا ئے گا۔ مشاہدات کو ریکارڈ کیا جا ئے گااور بورڈ میں پیش کرنے سے قبل کمیٹی اپنی حتمی سفارشات دے گی۔کمیٹی کے قیام کا نو ٹیفیکیشن جا ری کردیاگیا ہے۔
ملک بھر سے سے مزید