امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ٹرمپ نے نیتن یاہو کو بلا کر سپورٹ فراہم کی اور فضول بیان دیا۔
لاہور منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کا مطلب ہے کہ آپ نسل کشی کے ساتھ کھڑے ہیں، اسرائیل جو کچھ کر رہا تھا وہ امریکی سر پرستی میں کر رہا تھا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اسرائیل ایک دہشتگرد ریاست ہے، غزہ والوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، وہ ملبے کے ڈھیر پر دوبارہ کھڑے ہوگئے ہیں، امریکا جنگ کا تاوان ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطی میں جو کچھ ہوا ہے اس سے پوری دنیا کا امن متاثر ہوا ہے، بھارت کی سفاکیت کو پوری دنیا کے سامنے ایکسپوز کیا جائے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے یہ بھی کہا کہ 8 فروری 2024ء پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، لوگوں نے ووٹ کسی اور کو دیا، فارم 47 پر کسی اور کو جتوا دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر فارم 45 پر فیصلہ ہونا شروع ہو تو حکومت کے 80 فیصد لوگ فارغ ہو جائیں گے، ری الیکشن کی بات کرنا حکومت کو تقویت پہنچانا ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے یہ بھی کہا کہ ہم سجمھتے ہیں جوڈیشل کمیشن بنے اور فارم 45 کی بنیاد پر فیصلے کیے جائیں، کراچی میں لوگوں نے جماعت اسلامی یا پی ٹی آئی کو ووٹ دیا لیکن ایم کیو ایم کو جتوا دیا گیا۔