• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ سے فلسطینیوں کی منتقلی غیرمنصفانہ اور تشویشناک ہے، پاکستان

اسلام آباد (نمائندہ جنگ، جنگ نیوز) پاکستان نے فلسطین کے بارے میں اپنے دیرینہ موقف کا قطعیت کے ساتھ اعادہ کرتے ہوئے غزہ کے عوام کی منتقلی کی بات کو غیرمنصفانہ، تکلیف دہ اور تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کے بارے میں پاکستان کا موقف واضح ہے، فلسطین کے لیے1967 سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ دو ریاستی حل کے حامی ہیں ، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ غزہ سے قیدیوں کی منتقلی سے متعلق ہمارے پاس کوئی تجویز یا درخواست نہیں آئی، غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کی واپسی غیر قانونی نہیں، ہم افغانوں کی تیسرے ملک منتقلی کے حوالے سے متعلقہ ممالک سے رابطے میں ہیں، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی سابق امریکی صدر بائیڈن کو رحم کی اپیل مسترد ہو گئی ہے، اپیل مسترد ہونے کے بعد امریکی محکمہ انصاف نے کیس کو بند کر دیا ہے، اب ڈاکٹر عافیہ صدیقی مستقبل میں دوبارہ اپنے وکلا کے ذریعے کسی بھی وقت نئی رحم کی اپیل کر سکتی ہیں۔ جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر آصف علی زرداری چین کے دورے ہر ہیں، انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ اور چینی وزیراعظم لی کیانگ سے بھی ملاقات کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ون چائنہ اصول پر اپنی حمایت کی تجدید کی ہے، پاکستان ہانگ کانگ، بحیرہ جنوبی چین اور سنکیانگ ہر چین کی پالیسی کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے چین کے بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، فریقین نے پر امن اور خوشحال جنوبی ایشیا کو خطے کے مفاد میں قرار دیا اور افغانستان پر قریبی روابط کے تسلسل اور مسئلہ کے حل کی کوششوں کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ منصوبے سے متعلق صحافیوں کے سوالات پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ فلسطین اور فلسطینیوں کو پاکستان نے ہمیشہ سپورٹ کیا، پاکستان کی فلسطین کے حوالے سے پوزیشن واضح ہے، ہم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید