• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بورڈ چیف کا چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ میں تبدیلی کا عندیہ، رضوان ٹیم سے خوش

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ میں ردوبدل کا اشارہ دیدیا، البتہ کپتان محمد رضوان منتخب کھلاڑیوں کو لے کر پراعتماد ہیں اور کسی تبدیلی کو نہیں دیکھ رہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے بات چیت میں بورڈ چیف نے انکشاف کیا ہے کہ سلیکشن کمیٹی چیمپئنز ٹرافی کیلئے اعلان کردہ اسکواڈ کا جائزہ لے رہی ہے ، سلیکشن کمیٹی کو اختیار ہے وہ اسکواڈ میں تبدیلی کرتے ہیں یا نہیں، خوشدل شاہ اور فہیم اشرف کو نیک نیتی سے ٹیم میں شامل کیا گیا ۔ محمد رضوان نیک نیت کپتان ہے، امید ہے کہ ان کی قیادت میں ہم چیمپئنز ٹرافی ضرور جیتیں گے، دبئی کیلئے ویزے کا مسئلہ حل ہوگیا ہے، جس کے پاس میچ کا کارڈ یا ٹکٹ ہوگا اسے ویزا مل جائے گا،16فروری کو چیمپئنز ٹرافی کی تقریب آئی سی سی کی آفیشل تقریب ہے،جس میں مختلف ممالک کے لوگوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹیڈیمز کے وی آئی پی باکسز کو6سال کیلئے کرائے پر دیں گے۔ ہر باکس کی قیمت10کروڑ روپے رکھی جائے گی،24باکسز میں سے کچھ سیریز ٹو سیریز رینٹ کریں گے اور باقی کچھ مدت کیلئے کرائے پر دیں گے۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ ٹیم سلیکشن میں بہترین فارم والوں کو پہلی ترجیح دینی چاہیے، خوشدل شاہ اور فہیم اشرف اچھی فارم میں ہیں، چیمپئنز ٹرافی کا اسکواڈ سب کے سامنے ہے اورلازمی نہیں ہے کہ اسکواڈ میں تبدیلی کریں، ابھی ایسی کوئی بات نہیں کہ تبدیلی کر رہے ہیں۔ بہترین ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے۔ رضوان کا کہنا تھاکہ کنڈیشنز کے مطابق پلیئنگ الیون کا انتخاب کریں گے، صائم ایوب کی کمی تو ہے، کمبی نیشن بھی ڈسٹرب ہورہا ہے، ابرار احمد پہلی ترجیح ہے اس لیے دوسرے اسپنرز کا نہیں سوچا، لاہور میں اوس کا عمل دخل ہوسکتا ہے، دو اسپنرزکام نہیں آسکتے۔ لیفٹ آرم اسپنر کی ضرورت تھی، خوشدل شاہ بیٹنگ میں اچھے ہیں، فخر زمان بیمار تھے اس لیے ٹیم میں نہیں تھے اور کوئی وجہ نہیں تھی۔

اسپورٹس سے مزید