کراچی (اسٹاف رپورٹر) ویسٹ انڈیز کے شہرہ آفاق فاسٹ بولر اینڈی رابرٹس نے کہا ہے کہ میرے نزدیک اب آئی سی سی کا مطلب انڈین کرکٹ بورڈ ہے ۔ اگر کل کو بھارت یہ کہے گا کہ اب سے کھیل میں کوئی نو بال اور وائیڈ بالز نہیں ہونی چاہئیں تو میری بات لکھ لیں اس پر بھی آئی سی سی کوئی راستہ تلاش کر لے گا۔ منگل کو ایک بیان میں سابق ٹیسٹ اسٹار نے کہا کہ بھارت کو گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی فائدہ ملا۔ اب چیمپئنز ٹرافی کے دوران بھی بھارت نے سفر نہیں کیا ، یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ ٹورنامنٹ میں ایک ٹیم سفر ہی نہ کرے۔ بھارت کو یوں ہر چیز نہیں دی جا سکتی ، کبھی آئی سی سی کو کسی چیز کے لیے انکار بھی کرنا چاہیے۔