کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈومیسٹک سرکٹ میں دو اضافی ٹورنامنٹ چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی اور چیمپئنز ون ڈے ٹورنامنٹ شروع ہونے کی وجہ سے قومی ٹی ٹوئنٹی میں کھلاڑیوں کی میچ فیس میں 30ہزار روپے کی کمی کردی گئی ہے۔ چیمپئنز کپ کے مینٹور ماہانہ پچاس لاکھ روپے لے رہے ہیں لیکن کھلاڑیوں کو میچ میں کمی کا سامنا ہے۔ عید سے قبل اس فیصلے سے کھلاڑیوں کی مالی مشکلات بڑھ جائیں گی۔ قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی میچ فیس چالیس ہزار سے کم کرکے دس ہزار روپے کردی گئی ہے، نان پلے انگ ممبر پہلے بیس ہزار روپے لیتا تھا اسے اب پانچ ہزارروپے ملیں گے۔ پی سی بی ذرائع نے میچ میں کمی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ون ڈے اور چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی وجہ سے یہ فیصلہ ہوا ہے کیوں کہ ان دو ٹورنامنٹس میں بھی کھلاڑیوں کو اضافی آمدنی ہورہی ہے۔ اس لئے قومی ٹی ٹوئنٹی کی میچ فیس کم کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اس سال قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ رمضان میں ہورہا ہے اس لئے کئی رمضان ٹورنامنٹ نہیں ہورہے ہیں۔ ان ٹورنامنٹس سے کھلاڑیوں کو جو آمدنی ہوتی تھی وہ اس سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ جمعے سے فیصل آباد، لاہور اور ملتان میں شروع ہورہا ہے جس میں 16 ریجنز کی 18 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ٹورنامنٹ میں 39 میچ ہوں گے۔ ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم 94لاکھ روپے ہے جس میں فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے اور رنرز اپ کو 25 لاکھ روپے روپے ملیں گے۔